اورنگی ٹاؤن:موٹرسائیکل چورگروہ کے 4کارندے پکڑے گئے

212

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اورنگی پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرنے والے ایک گروہ کے 4کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11 سے کارروائی کے دوران موٹر سائیکل چوری کرنے والے ایک گروہ کے 4 کارندوں فاروق ولد الطاف ، نعیم ولد عیدی ،محمد وسیم ولد مبین اور محمد وارث ولد محمد صادق کوگرفتار کرکے چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ پولیس کا کہناہے کہ ملزمان کاریکارڈجمع کیا جارہاہے۔
آرٹس کونسل:ڈاکٹراجمل خان کے لیے تعزیتی اجلاس آج ہوگا
کراچی(پ ر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ماہر تعلیم ووائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر اجمل خان کا تعزیتی ریفرنس آج جمعرات کو شام ساڑھے6بجے منظر اکبر ہال میں منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں ادیب ، شاعر، نقاد،پروفیسرز اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگ ڈاکٹر اجمل خان مرحوم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
فائرنگ کے واقعات میں2زخمی پولیس نے ایک ملزم گرفتارکرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے 55 سالہ انوار زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم پنھل خان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے، ملزم پنھل خان پیٹرول پمپ پر سیکورٹی گارڈ ہے اور واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ سپر ہائی وے پر واقع خیبر ہوٹل کے پاس فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔
شہیدفوجی جوانوں کے اہل خانہ سے گورنرسندھ کااظہار تعزیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے برنالہ آزاد کشمیر، لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے پا ک فوج کے جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر مشکل کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پوری قوم اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے والے 13ہزارموٹرسائیکل سواروںکاچالان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)دوران سفر ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے کے خلاف جاری مہم کے تیسرے روز ٹریفک پولیس کراچی نے 13 ہزار 146 موٹرسائیکل سواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے، 18 ہزار 500 موٹرسائیکلوں کو تحویل میں لیا گیا، 19 لاکھ 71 ہزار 900 سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کراچی کی ہیلمٹ کے سلسلے ی خصوصی مہم عنوان “ہیلمٹ نہیں تو سفر نہیں” چلارہی ہے۔
یورپی یونین کے سبکدوش سفیر کی وزیراعلیٰ سے الوداعی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے یورپی یونین کے سفیر مسٹر جین فرینسیکوس کرٹین نے وزیراعلیٰ ہائوس میں الوداعی ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعلیٰ سندھ نے یورپی یونین کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تجارت کو مضبوط کیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہمیں مختلف شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے۔
ماہرِتعلیم ڈاکٹر وقارزبیری کے انتقال پر تنظیم اساتذہ کا اظہارِتعزیت
کراچی (پ ر)ــــــــتنظیم اساتذہ صو بہ سندھ کے صدر پروفیسر ابو عامر اعظمی ،کراچی ڈویژن کے صدرشفیق الرحمن عثمانی، سیکرٹری کراچی صادق موسیٰ،پروفیسر مظہر حسین اور ڈاکٹر اسامہ شفیق نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ماہرِتعلیم اور ادارہ معارفِ اسلامی کراچی کے شعبہ تحقیق کے نگراں پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعاکی ہے۔