مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 1500 روپے تک اضافہ

143

کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان ریلوے کی طرف سے نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق ہوگیا ہے۔ پاکستان ریلوے کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ایکسپریس اور بہاالدین زکریا ایکسپریس کے کم سے کم کرائے میں 50 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ کرایوں میں 450 روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔ شالیمار اورشاہ حسین ایکسپریس اے سی سلیپر کے کرایوں میں کم از کم 150 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 250 سے 1100 روپے تک اضافہ ہوچکا ہے۔ حکومت
نے خصوصی ٹرینوں کے کم سے کم کرایوں میں 200 روپے اور اکانومی کلاس کے کم سے کم کرایوں میں 150 روپے اور زیادہ سے زیادہ کرایوں میں 1500 روپے تک اضافہ کیا ہے۔ بولان، مہر، تھر ایکسپریس کے زیادہ سے زیادہ کرایوں میں 450 روپے، خیبر میل کے زیادہ سے زیادہ کرایوں میں 400 سے 800 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے یکم جولائی سے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے ساڑھے 8 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔ پاکستان ریلوے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرایوں میں اضافہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کیا گیا۔ آئندہ مالی سال میں ریلوے کو 3 سے 4 ارب روپے کے خسارے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
کرایوں میں اضافہ