حیدرآباد:5 دن سے بجلی بند،کاروبار ٹجپ،دکاندار سڑکوں پر

1070
حیدرآباد: شاہی بازار کے علاقے میں بجلی بندش کیخلاف دکانداروں اور شہریوں نے ٹائر جلا کر سڑک بند کی ہوئی ہے
حیدرآباد: شاہی بازار کے علاقے میں بجلی بندش کیخلاف دکانداروں اور شہریوں نے ٹائر جلا کر سڑک بند کی ہوئی ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے علاقے شاہی بازار میں 5دن سے ٹرانسفامر کی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے کاروبار ٹھپ ہوچکا جبکہ تاجروں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے حیسکو کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹرانسفارمر ٹھیک کر کے بجلی بحال کی جائے ورنہ وہ حیسکو دفتر کا گھیرائو کریں گے۔ تفصیلات کیے مطابق شاہی بازار کھلونا گلی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ٹرانسفامر خراب ہونے کے باعث گزشتہ 5 روز سے بجلی کی بندش پر دکاندار اور علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے اپنی دکانیں بند کرکے پہلے شاہی بازار میں احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور بعد میں
شہر کے معروف کوہ نور چوک پر پہنچ کر سڑک پر ٹائر جلا کر گاڑیوں کی آمدو رفت بند کر دی، جس سے شدید ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سخت گرمی اور حبس میں حیسکو انتظامیہ نے شہریوں کاجینا حرام کیا ہواہے ، کئی روز سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے جس کی وجہ سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے جبکہ انہوں نے کئی مرتبہ حیسکو کے متعلقہ افسران کو درخواستیں دی ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہورہی اور ٹرانسفامر کی مرمت کے لیے بھاری رقم کا تقاضا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیسکو انتظامیہ نے زائد بلوں کے اجرا کے بعد اب بجلی کی بندش کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر ٹرانسفارمر نصب کرکے بجلی بحال کی جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج کرتے ہوئے حیسکو گاڑی کھاتہ سب ڈویژن کے آفس کا گھیرائو کیا جائے۔
حیدرآباد/بجلی بندش