راناثنا اللہ کی گرفتاری نے آمریت کی یاد تازہ کردی‘ شاہ محمدشاہ

175

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن)سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ ملک میں آمریت کا دور دورہ ہے،عمران خان نے جنرل پرویز مشرف اور جنرل ضیاء کی یاد تازہ کردی ہے ،سیاسی کارکنوں کو جیل میں ڈالنے سے پی ٹی آئی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکے گی ۔رانا ثنا اللہ کو فوری طور پر رہا کرکے ان سے معافی مانگی جائے ۔پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن کے لیے زمین تنگ کی جارہی ہے ۔پرویز مشرف کے سیاسی جانشین عمران خان نے اپنے پیشرو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپوزیشن کے رہنماؤں کی بلاجواز گرفتاری کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ۔قائد میاں نواز شریف ،آصف زرداری اور دیگر رہنماؤں کے بعد رانا ثناء اللہ کی گرفتاری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔افسوسناک امر یہ ہے کہ راناثنا اللہ جیسے سیاسی کارکن پر منشیات اسمگلنگ کی بھونڈے الزامات لگائے جارہے ہیں ۔رانا ثنااللہ اس ملک میں جمہوریت کے لیے قربانی دینے والوں میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں ۔ پرویزمشرف کے آمرانہ دور میں ان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن آمر ان کی وفاداریاں تبدیل کرانے میں ناکام رہا ۔تحریک انصاف کی حکومت اگر سمجھتی ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے اپوزیشن کے رہنماؤں کو دبانے میں کامیاب ہوجائے تو یہ اس کی بھول ہے ۔انہوںنے کہا کہ جس طرح کا الزام لگاکر رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا ہے اس طرح کی اوچھی حرکت تو آمرانہ دور میں بھی نہیں کی گئی۔