نوابشاہ، جسقم کے مرکزی سیکرٹری جنرل قومی دھارے میں شامل

448

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) قوم پرست جماعت جسقم بشیر خان گروپ کے مرکزی سیکرٹری جنرل کیہر انصاری نے جسقم چھوڑ کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا۔ کیہر انصاری کے ساتھ کالعدم جماعت جسمم کے بھی 10 کارکنان قومی دھارے میں شامل، پاکستان، پاک فوج زندہ باد کے نعرے۔ جسقم بشیر خان قریشی گروپ کے مرکزی سیکرٹری جنرل کیہر انصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جسقم چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ کیہر انصاری کے ساتھ کالعدم جماعت جسمم کے دس کارکنان نے بھی اپنی جماعت چھوڑ کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا۔ اس موقع پر کارکنان کا کہنا تھا کہ اب ہمارا کسی بھی پاکستان مخالف جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستانی افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہیں۔ قوم پرست جماعتوں کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی تعمیراتی ایجنڈا نہیں ہے۔ کارکنان دوسرے قوم پرست نوجوانوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ سیدھی راہ اختیار کریں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور اس ملک کی ترقی اور بقا میں ہم سب کی بقا شامل ہے۔ ہم لوگ بھٹک گئے تھے لیکن اب ہم جاگ گئے ہیں۔ ہم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ملکی ترقی اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر کارکنان نے پاکستانی پرچم اپنے ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔