جے یوآئی دینی جماعتوںکی اے پی سی بلائے،عاکف سعید

201

کراچی (پ ر)جمعیت علمائے اسلام (ف) ملک میں نفاذِ اسلام کے لیے دینی جماعتوں کی اے پی سی بھی منعقد کرے۔ یہ بات امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی ۔ اُنھوں نے کہا کہ حال ہی میں جمعیت نے پاکستان کے سیاسی اُمور اور داخلی صورتِ حال پر ایک آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جس میں اُنھیں اپنے اہداف کے حوالے سے خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ ہم جمعیت کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے دستہ بستہ عرض کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں اسلام کے نظام عدل اجتماعی کے قیام کے لیے دینی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کریں اور باہمی مشاورت سے پاکستان میں اسلام کے نفاذ کے لیے بھرپور جدوجہد اور عوامی تحریک برپا کرنے کا باقاعدہ لائحہ عمل طے کریں۔ اُنھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آج پاکستان اور خود دینی جماعتیں جس تنزل اور افراتفری کا شکار ہیں اُس کی اصل وجہ اپنے اُس وعدے سے انحراف ہے جو تحریک ِ پاکستان کے دوران مسلمانانِ پاکستان نے اللہ تعالیٰ سے کیا تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر دینی جماعتوں نے اِس سمت میں کوئی جدوجہد نہ کی تو اندیشہ ہے کہ پاکستان میں اُن کی سیاسی پوزیشن بھی مزید خراب ہو جائے گی۔ دینی جماعتوں کا سیکولر جماعتوں سے سیاسی مقاصد کے لیے تعاون حاصل کرنا ماضی کی طرح آئندہ بھی پاکستان کو نظام اسلام سے مزید دور کرنے کا باعث بنے گا اور اہل پاکستان خاص طور پر دینی جماعتیں اللہ کے غضب کا نشانہ بنیں گی۔