مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک وقت کی آواز

85

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کی مہنگائی اور ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دینے کیخلاف تحریک وقت کی آواز ہے،پوری قوم کرپشن اور دہشتگردی کے شیطانی کھیل کا خاتمہ چاہتی ہے،کرپشن اور کرپٹ لوگوں نے ملک کی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا ہے جس سے نجات ناگزیر ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ظالمانہ اور عوام دشمن بجٹ پیش کرکے سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل کر عوامی امیدوں پر پانی پھیردیا ہے، حالیہ بجٹ سے مہنگائی کا نیاطوفان آئے گا۔وزیراعظم ہائوس کے اخراجات میں اضافہ اور ایوان صدر میں طوطوں کے پنجروں کے لیے لاکھوں روپے کا ٹینڈر پی ٹی آئی حکومت کی کفایت شعاری کے دعوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔وفاقی وصوبائی بجٹ میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے،یہی وجہ ہے کہ یہ واحد حکومت ہے جو پانچ سال کی بجائے دس ماہ میںاپنی ساکھ متاثرکرکے عوام کا اعتماد کھوتی جارہی ہے۔جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کسی چور کو بچانے کے لیے نہیں بلکہ کرپشن فری پاکستان کے لیے ہے۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر غیروں کے غلام حکمرانوںاور چور قیادت سے نجات حاصل کریں۔