اسلام آباد ، مختلف کارروائیوں میں 4 منشیات فروشوں سمیت 18 ملزمان کو گرفتار

229

اسلام آباد (آئی این پی) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد وقار الدین سید نے تما م ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندے کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد کیخلاف بلا تاخیر سخت کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی پولیس کا جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، چار منشیات فروشوں سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کرکے چرس، شراب، آئس اور اسلحہ مع گولیاں برآمد کرکے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد وقارالدین سید نے تمام پولیس افسران کو جرائم پیشہ کیخلاف سخت کارروائیوں کا حکم دیا، جس پر تھانہ مارگلہ پولیس نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات سپلائی کرنے والے ملزم طالب حسین کو گرفتار کرکے اس سے 110 گرام آئس برآمد کرلی۔ تھانہ ترنول پولیس نے ملزم اسرافیل، محمد عامر اور محمد اویس کو گرفتار کرکے 1375 گرام چرس اور 48 بوتلیں شراب برآمد کرلی۔ تھانہ نون پولیس نے ملزم خالد خان سے 550 گرام چرس اور ملزم وحید گل کو بغیر اجازت سلنڈر گیس بھرائی کرنے پر گرفتار کرلیا۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے ملزم جاوید اختر سے 12 بور مع ایمونیشن برآمد کرلیا۔ تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے بغیر اجازت سلنڈر گیس بھرائی کرنے پر 6 ملزمان ارسلان محمود، محمد شاہد، محمد آصف، عبدالقدوس، ذوالفقار اور فضل غنی کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ شالیمار پولیس نے ملزم سیف اللہ سے دو بوتلیں شراب برآمد کرلیں۔ تھانہ کھنہ پولیس نے ملزم سہیل احمد سے پستول 30 بور مع ایمونیشن برآمد کرلیا۔ تھانہ سہالہ پولیس نے تین ملزمان محمد بشیر، وحید گل اور الماس خان سے کلاشنکوف، پستول 30 بور اور ایک عدد 12 بور گن مع ایمونیشن برآمد کرلیا۔ ملزمان کیخلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد وقار الدین سید نے کہا کہ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں تا کہ شہریوں کو ریلیف مہیا کیا جاسکے۔