جے آئی ٹی کے انکشافات کے بعدپی پی بوکھلاہٹ کاشکار ہوچکی ہے،امیر العظیم

178

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 172 کرپٹ افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنا خوش آئند اقدام ہے۔ جس کسی نے بھی قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے اس کا محاسبہ ہونا چاہیے اور اس حوالے سے بلا تفریق کارروائی کی جانی چاہے۔ پیپلز پارٹی سابق صدر آصف زرداری اور دیگر رہنماؤں کے حوالے سے جے آئی ٹی کے انکشافات کے بعد بوکھلاہٹ کاشکار ہوچکی ہے اور میڈیا پرمحض بیان بازی کاسہارالے کر اپنے آپ کومعصوم اور بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہورمیں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ایک ہزار ارب روپے کی منی لانڈرنگ ہو تی ہے،جو کہ تشویش ناک امرہے۔اگر آصف زرداری ،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں نے منی لانڈرنگ نہیں کی ہے تو پھر ڈراور خوف کااظہارکیوں کیاجارہاہے؟۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پانامالیکس اسکینڈل میں مسلم لیگ(ن) کے سربراہ میاں نوازشریف کے احتساب پر ان کی حمایت کررہی ہے ۔ کرپٹ عناصر چاہے ان کا تعلق پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ (ن)،مسلم لیگ(ق) یاتحریک انصاف سے ہوسب کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے بدعنوان عناصر سے قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت وصول کی جائے۔ پاکستان میں کرپشن کاخاتمہ کیے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل نصیب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے نیک، ایماندار اور صالح قیادت کی ضرورت ہے۔ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کو بر سر اقتدار آئے چار ماہ ہو گئے ہیں مگر ابھی تک عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔امیر العظیم نے مزید کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے غیر ملکی تابعداری پر مبنی پالیسیوں،بدترین کرپشن،اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ملکی سلامتی و بقا اور آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،جس کے نتیجے میں ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔
طارق سلیم ،راجہ جواد،شمس سواتی کا سینئرصحافی نوازرضا سے اظہارتعزیت
راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم ،جنرل سیکرٹری اقبال خان ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،امیرضلع راولپنڈی راجہ محمدجواد،ضلعی جنرل سیکرٹری امجدحسین شاہ سمیت دیگررہنماؤں نے معروف صحافی وسینئرکالم نگارحاجی نوازرضااورطارق سمیرسے ان کے والد کی وفات پراظہارتعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے ،بعدازاں سابق صدرنیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی کی قیادت میں ایک وفد نے حاجی نوازرضا اورطارق سمیرسے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں اظہارتعزیت کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی ۔