ٹنڈوالٰہیار ، انسدادتجاوزات کیخلاف تاجر برادری سراپااحتجاج

265

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) چمبٹر میں انسداد تجاوزات کیخلاف تاجر برادری سراپا احتجاج، تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند کرکے تھانے کے سامنے سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ سڑک کے دونوں جانب 25.25 فٹ تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں، مزید تعمیرات ہٹانے سے بے روزگاری انتہا کو پہنچ جائے گی، تاجر برادری۔ تعلقہ چمبٹر میں تجاوزات ہٹانے کیخلاف تاجر ایکشن میں آگئے اور سراپااحتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ تاجروں نے متحد ہو کر شہر کے چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، دکانیں، پتھارے اور کیبن بند کرکے چمبٹر تھانے کے سامنے ٹنڈوالہٰیار، بدین کی مین شاہراہ پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ اس موقع پر تاجر رہنما طاہر صدیقی ودیگر نے بتایا کہ تجاوزات کی آڑ میں روڈ کے دونوں طرف 25.25 فٹ تجاوزات ہٹائی جاچکی ہیں اور گندے پانی کی نکاسی کے لیے نالوں کی تعمیربھی آخری مراحل میں ہے، اس کے بادجود 55.55 فٹ روڈ کے دونوں طرف تعمیرات کو ہٹانا تاجروں کو بے روزگا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنما ووٹ کے حصول کے لیے ہم تک پہنچ جاتے ہیں لیکن ہمارے جائز مطالبات کے لیے دیے گئے دھرنے میں ہم سے اظہار یکجہتی کے لیے کوئی نہیں پہنچا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے، شٹر بند ہڑتال جاری رہے گی۔ بعد ازاں اسٹنٹ کمشنر کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر تاجروں نے دھرنا ختم کردیا۔