دینی مدارس اسلام کے قلعے اور طلبہ پھول ہیں‘ عبید الرحمن عباسی

509

لاہور( نمائندہ جسارت ) منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان عبید الرحمن عباسی نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں پاکستان کے30لاکھ سے زائد طلبہ اس گلشن کی آبیاری کرنے والے پھول ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام تحفظ مدار س و سا لمیت پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عبید الرحمن عباسی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کی اساس ہے اس کے تحفظ کے لیے مسلمان اپنا تن من دھن سب قربان کر دیں گے۔ امت مسلمہ کے لیے یہ لمحہ فکر ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کرنے والے حکومتوں میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔ختم نبوت قانون میں ترمیم کرنے والے کبھی مسلمانوں کے رہنما نہیں ہو سکتے یہ یہودیوں کے ایجنڈے پر کام کرنے والے لوگ ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کادارالحکومت قرار دینا قابل قبول نہیں، جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو قبلہ اول سے محروم نہیں کیا جا سکتا ،اقوام متحدہ کی جنرل کونسل اسمبلی میں 128 ممالک کی فلسطین کے حق میں قرارداد نے امریکا کو دنیامیں تنہا کردیا، 128 میں72 غیر مسلم ممالک نے بھی مسلمانوں کے حق میں رائے دی جو کہ حقیقت میں مسلمانوں کی فتح ہے۔