لاہور: سابق شوہر نے شیر خوار بیٹا نہ دینے پر مطلقہ بیوی کو قتل کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سنگدل شخص نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنی سابقہ اہلیہ کو اس بات پر فائرنگ کرکے قتل کردیا کہ وہ اس سے شیرخوار بیٹا لینا چاہتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ خاتون کی جانب سے 4 ماہ کا بچہ سابقہ شوہر کو نہ دینے کی وجہ سے پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والی 32 سالہ آمنہ اسپتال میں جانبر نہ ہو سکی۔ بعد ازاں پولیس نے سابق شوہر ملزم عامر اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ 4 جون کی رات پیش آیا تھا۔ ملزم علیحدگی کے بعد خاتون سے 4 سالہ بیٹا واپس مانگ رہا تھا۔ اور اس نے اپنے ساتھی عاطف کے ساتھ مل کر سابقہ بیوی پر گولیاں چلائیں، جس کے بعد خاتون کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئی۔
طبی ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کو جسم کے مختلف حصوں پر چار گولیاں لگی تھیں۔ سابق شوہر ساتھی سمیت گرفتار ہے جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔