جسٹس میاں ثاقب نثار نے 25ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس میاں ثاقب نثار نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین نے نئے چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا۔نئے چیف جسٹس نےقومی زبان اردو میں حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم میاں نواز شریف،ارکان پارلیمنٹ، وفاقی وزراء،مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 7 دسمبر کو صدر مملکت ممنون حسین نے جسٹس ثاقب نثار کو سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔18 جنوری 1954 کو لاہور میں پیدا ہونے والے جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب یونیورسٹی سے اپنی قانون کے ڈگری حاصل کی۔
واضح رہے کہ آئین پاکستان کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس 65 سال کی عمر کو پہنچنے پر ریٹائرڈ ہو جاتے ہیں جبکہ ان کے بعد نیا چیف جسٹس سپریم کورٹ کا سینئر ترین بنتا ہے۔