سی پیک میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز کرنا ظلم ہے‘مشتاق احمد خان

280

صوابی( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے بیجنگ میں پاکستان چین جوائنٹ کواپریٹنگ کمیٹی کے اجلاس میں خیبر پختونخوا کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ہونے والے معاہدے میں کے پی کے کیلیے صرف پشاور راولپنڈی لاہور سرکلر ریلوے کو یکسر مسترد کر تے ہوئے کہا کہ سی پیک موٹروے میں وفاق نے پہلے ہی خیبر پختونخوا کو محروم رکھا۔ صوابی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز کرنا صوبے کے ساتھ ظلم اور
استیصال کا رویہ ہے۔ سی پیک میں موٹروے پر پہلے بھی صوبے کو محروم رکھا گیا ہے۔ بجلی کے ایک چھوٹے سے منصوبے کے علاوہ بڑے بڑے منصوبے پنجاب میں لگائے جارہے ہیں۔ اب ریلوے میں خیبرپختونخوا کو بھی مکمل نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق ہمیں دیوار سے لگا رہا ہے۔ چکدرہ چترال اورگلگت روٹ کو سی پیک کے متبادل قرار دیا جائے۔ بشام،کالام چکدرہ موٹر وے تعمیر ہونی چاہیے۔ ڈی آئی خان تک تمام اضلاع اور قبائل کو اس سے استفادے کا حق دیا جائے۔ پیٹرولیم اور گیس رائیلٹی سمیت بجلی کا خالص منافع ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبے کے مالیاتی اور آئینی حقوق کے حصول کے لیے بھر پور کر دار ادا کررہی ہے ۔ اگر وفاق نے ناانصافی کی تو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ کرپشن سے پاک معاشرہ اور پر امن اسلامی ریاست کا قیام ہماری منزل ہے عوام چوروں سے نجات حاصل کر نے کے لیے جماعت سلامی کا ساتھ دیں۔