پی پی رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری قتل‘ سندھ میں تین روزہ سوگ کا اعلان

372

نوشہرو فیروز/نواب شاہ( نمائندہ گان جسارت /مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو دریاخان مری میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، سندھ میں 3روزہ سوگ کا اعلان، بلاول زرداری ودیگرکا اظہار افسوس، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا، آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی بینظیر آبادسے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری بہنوئی زاہد کھوکھر کے چہلم میں شرکت کے لیے نوشہروفیروز کے علاقے دریا خان مری پہنچیں تھیںجہاںبہنوئی کے بھائی وقار کھوکھر اور بھتیجے نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیںاور انہیں فوری طور پر نواب شاہ اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔اس ضمن میں بتا یا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر زمین کے تنازع پر پیش آیا‘ مقتولہ شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل پراظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،مقتولہ بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں، قتل کی خبر سن کر صدمہ ہوا، فوری تحقیقات اور قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔دوسری جانب رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے شوہر ڈاکٹر حمید انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہلیہ کو مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں اور ایس ایس پی فاروق احمد کو دھمکیوں کی اطلاع بھی دی تھی۔ہم نے پولیس اسکواڈ کا مطالبہ بھی کیا تھا اور جہاں چہلم ہو رہا تھا وہاں پولیس نہیں تھی۔وڈیو بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ 4 روز قبل بھی ایس ایس پی کو سیکورٹی کی درخواست دی جس کے ثبوت بھی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اہلیہ کو بالوں سے پکڑ کر 3 گولیاں ماری گئیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں ہماری جماعت کی حکومت ہے لیکن بتائیں ہم کہاں جائیںکس سے فریا دکریں؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہناز انصاری کی جانب سے ضلع نوشہرو فیروز کے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو لکھاگیا مبینہ خط بھی سامنے آگیا،خط میںمبینہ طور پرشہناز انصاری نے لکھا کہ بہنوئی کے انتقال کے بعد سے اسی کی بہن کو دیور اور بھتیجاہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، بہنوئی نے انتقال سے پہلے تمام جائداد اپنی بیوی اوربچوں کے نام کی تھی۔ پی پی رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ شریک چیئر مین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے رکن اسمبلی کے قتل پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ واقعہ افسوسناک ہے ملزمان کو جلد گرفتارکیا جائے جبکہ آئی جی سندھ سید کلیم امام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی بینظیرآباد سے تفصیلات طلب کرلیں ہیں اورہدایت جاری کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ ادھر ایس ایس پی نوشہروفیروز ڈاکٹر محمد فاروق اعوان نے خاتون رکن سندھ اسمبلی کی زمین کی تنازع پر قتل کی تصدیق کی ہے انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے تاہم مقامی ذرائع نے بتایا کہ کھوکھر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور مبینہ قاتل گاؤں سے فرار ہوگئے ہیں۔ سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ،رہنما پیپلزپارٹی مولا بخش چانڈیو،شہلار ضا ودیگر نے نے شہناز انصاری کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کوجلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔