کراچی: 13 کلو میٹر گجر نالے پر آپریشن منظور

667

کراچی میں محمود آباد نالے کے بعد گجر نالے پر آپریشن کی تیاری کرلی گئی ہے جبکہ 13 کلو میٹر طویل گجر نالے کو جدید خطوط پر مضبوط کرنے کیلئے ماڈل ڈیزائن تیار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محمود آباد نالے کے بعد گجر نالے پر آپریشن کی تیاری کرلی گئی ہے اور  گجر نالے کے اطراف 30 فٹ جگہ خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے سلسلے میں مارکنگ کا عمل بھی شروع ہو گیا جبکہ13 کلو میٹر طویل گجر نالے کو مضبوط انداز میں تیار کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔

خیال رہے انتظامیہ کے مطابق اس سے قبل گجر نالے پر آپریشن کے لیے دونوں اطراف 105 فٹ مارکنگ کی گئی تھی اور 105 فٹ مارکنگ میں 8 ہزار سے زائد مکانات اور اسٹرکچرز آپریشن کی زد میں آ رہے تھے جبکہ اب گجر نالے کے ری ڈیزائن کے تحت 50 فیصد اسٹرکچرز آپریشن کی زد سے بچ جائیں گے اور نالے پر مارکنگ مکمل ہونے پر آئندہ ماہ کے آغاز میں آپریشن شروع کردیا جائے گا۔

واضح رہے گجر نالے کے دونوں اطراف 26 کلو میٹر رقبے سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور نالے کے دونوں اطراف باؤنڈری وال، سڑک اور فٹ پاتھ تعمیر کی جائے گی۔

دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ پانی کا فلو تیز کرنے کے لیے بل کھاتے گجر نالے کی سمت کو سیدھا کیا جائے گا اور نالے کو گہرا اور چوڑا کرنے سمیت صفائی کا بھی کام کیا جائے گا جبکہ  نالے کو مختلف مقامات پر 60 سے 80 فٹ تک چوڑا کیا جائے گا۔

یاد رہے گجر نالے پر انسداد تجاوزات آپریشن سے متعلق اس سے قبل اجلاس ہوا تھا جس میں سیکریٹری بلدیات، چئیرمین واٹر بورڈ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ شریک ہوئے جبکہ نالے سے تجاوزات کے خاتمے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے جہاں جامعہ این ای ڈی نے اپنی رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کردی ہے اور اس کے بعد جلد کام شروع کردیا جائے گا۔