ترکی میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

313

ترک وزیر تعلیم ضیا سلجوق کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 فروری سے اسکول اور کالجز کو کھول دیا جائے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک وزیرتعلیم ضیاسلجوق نے کہا ہے کہ تعلیم ادارے کھولنے سے 10 روز قبل ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں والدین اور اساتذہ سے مشاورت کی جائے گی۔

قبل ازیں ترک حکومت کی جانب سے 4 جنوری سے اسکول، کالجز سمیت یونیورسٹیز کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد فیصلے پر نظرثانی کی گئی تھی تاہم اب 15 فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

دوسری جانب ترک حکومت کی کورونا ایڈوائزری بورڈ نے بھی وزارت تعلیم کو 15 فروری سے اسکول کھولنے کی اجازت دے دی ہے تاہم اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کن شہروں میں ابتدائی طور پر اسکول کھولے جائیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد ترکی میں 20 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے اور آن لائن تعلیمی سلسلہ شروع کیا گیا تھا.