کراچی دھماکے پر آرمی چیف کے نوٹس لینے کا خیرمقدم کرتے ہیں

118

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کرا چی کے علاقے مسکن کورنگی گلشن اقبال میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اورجاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے غم میں برابرشریک ہیں۔دھماکے کے حوالے سے مکمل تحقیقات جلد قوم کے سامنے لائی جانی چاہیں۔ سندھ حکومت سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اورزخمیوں کا مالی وطبی امداد کرے ۔ حادثے کے سبب بننے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔دریں اثنا انہوں نے کہا کہ کراچی واقعے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نوٹس کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔اصل حقائق کا تعین ہونا چاہیے، ملک کو عدم استحکام کرنے کی تمام سازشیں ناکام بنانے کے لیے داخلی انتشار ختم اوراتحاد ویکجہتی کا مظاہر ہ کیا جانا چاہیے ۔ دشمن ہماری طاق میں بیٹھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات دن بدن موجودہ حکمرانوں کے ہاتھوں گھمبیر ہوتے جارہے ہیں ۔ان کے پاس فلاحی منصوبے ہیں اورنہ ہی معاشی ویژن۔ اگر چہ حالات بدسے بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں مگر اس کے باوجودجماعت اسلامی ملک میں کسی بھی قسم کے غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرتی۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں جمہوری کا تسلسل ناگزیر ہے اس کے خلاف کوئی بھی اقدام قابل قبول نہیں ہو سکتا ۔المیہ فکریہ ہے کہ جس نظام کی تبدیلی کے لیے عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا آج وہی نظام چہروں کی تبدیلی کے ساتھ پوری قوت سے چل رہا ہے۔