بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادپر ہونے چاہییں‘چودھری شجاعت

121

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیاد پر ہونے چاہییں،ہماری جماعت بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، ساری جماعتیں اس میں اپنا امیدوار کھڑا کریں اور ایسی روایت پیدا کریں کہ الیکشن منصفانہ ہوں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پررہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں سینیٹر کامل علی آغا، مسلم لیگ سندھ کے طارق حسن، سابق ایم این اے میاں منیر، فیصل حیات اور دیگربھی شریک تھے۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ جس وارڈ یا علاقے میں الیکشن ہوں وہاں بیرونی علاقوں سے اپنے حمایتی بلا کر مداخلت نہ کی جائے، صرف اسی علاقے کے ووٹر سپورٹر اس میں حصہ لیں، اگر اس طرح کا رواج چل جائے تو جمہوریت اور انصاف کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔