مہنگائی کے طوفان نے غریب کی زندگی اجیرن کردی، جاوید قصوری

152

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے روٹی کی قیمت میں 4روپے اور نان کی قیمت میں 3روپے کے اضافے کا اعلان انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکمرانوں کی بے بسی اور نا اہلی کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے کہ پورا ملک ہی مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت میں ایک دن میں35 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے جس نے غریب کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ حکمران صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پاکستان کے ذمے مجموعی قرضہ 42 ہزار 220 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ مشرف دور میں یہ قرض 3200 ارب روپے، پیپلز پارٹی کے دور میں 8200 ارب جبکہ مسلم لیگ ن کے دور میں 16 ہزار 561 ارب روپے تھا۔ موجودہ حکمرانوں کی تمام باتیں جو انہوں نے الیکشن سے قبل کی تھیں جھوٹ ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون کے باعث سرکاری اعداد و شمار خود اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ ملک میں 30 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں جبکہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ تعداد دو کروڑ سے زائد ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی سخت شرائط اور تمام معاہدے عوام کے سامنے لائے۔ قومی و ملکی مفادات کیخلاف کسی اقدام کو عوام قبول نہیں کریںگے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی اور کورونا سے متاثرہ عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔