بھارت لداخ کھو چکا، جلدمقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہوگا، مشاہد اللہ

168

لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ بھارت لداخ کھو چکا ہے اور بہت جلد مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہو جائے گا،وزیر اعظم بننے کے شوقین عمران خان کی حیثیت کٹھ پتلی کی ہے،عوامی مسائل سے ان کو کوئی غرض نہیں ہے ،مسلم لیگ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی ،شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں اور پارٹی بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے یومِ تکبیر کے حوالے سے آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مشاہد اللہ خان نے مزید کہا کہ 28 مئی ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے، بھارت ایٹمی دھماکے نا کرتا تو ہم بھی نا کرتے ،نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن قائم کر دیا ، عالمی طاقتوں نے دنیا میں ناانصافی کا نظام قائم کیا ہے انہیں مظلوم کشمیریوں کی آواز سنائی نہیں دیتی، بھارت لداخ کا علاقہ کھو چکا اور قدرت آزادی کشمیر کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ مشاہد اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کو مسائل میں جکڑ کر رکھ دیا ہے ،عمران خان اپوزیشن کو سیاسی مخالف نہیں اپنا دشمن سمجھتے ہیں ،انتقام کے لیے لیگی قیادت کو نیب گردی کے ذریعے جیلوں میں بند کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس قدرتی ہے یا انسانی غلطی دونوں صورتوں میں کسی امتحان سے کم نہیں ہے ، حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے کورونا زیادہ پھیلا ۔