سیکولر عناصر نماز جمعہ اور مساجد کی بندش کیلیے سرگرم ہیں‘ لیاقت بلوچ

262

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومتی چھتری تلے چھپے سیکولر عناصر زائرین ، تبلیغی جماعت ، مساجد بندش ، جمعہ نماز بند کرنے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں ۔ عوامی خدمت کے لیے میدان میں کہیں نام و نشان نہیں ۔عمران خان حکومت قومی وحدت ، اتحاد اور کورونا وبا سے نجات کے لیے قومی اتفاق رائے کی حکمت عملی کے لیے تیار نہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا وبا کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا واضح روڈ میپ دے دیاہے ۔ لاک ڈائون کی وجہ سے تعلیم ، صحت ، روزگار نہیںہے ۔ عوام میں رجوع الی اللہ کا بڑا جذبہ ہے حالات کی بہتری کے لیے اہل ایمان اللہ کے گھر مسجدوں کی طرف جوق در جوق آئیں گے ۔ پوری دنیا لاک ڈائون کی زد میں ہے ۔عالمی ادارے اب تو جموں و کشمیر کے عوام اور غزہ کے فلسطینیوں کے انسانی مسائل اور المیوں پر احساس پیدا کریں ۔لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں کورونا وبا کے خلاف رجو ع الی اللہ ، انسانوں کی خدمت ، لاک ڈائون سے متاثرہ غریب اور روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے متاثرین کے لیے خوراک ، ادویات کی فراہمی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ بلدیاتی ، قومی ، صوبائی امیدواران ، نمائندگان کو بھر پور فعالیت پر متوجہ کیا ۔ لیاقت بلوچ نے ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حمزہ صدیقی ، جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل ، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ محمد الطاف کشمیری ، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی ، صدر کسان بورڈ چودھری نثار احمد ایڈووکیٹ ، صدر تحریک محنت پاکستان سید خالد بخاری ، صدر اسلامک لائرز موومنٹ خان افضل خان سے ٹیلی فون پر رابطے کیے ۔ طلبہ ، مزدوروں ، کسانوں ، وکلا کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ تمام بردار تنظیمات اپنے اپنے دائرہ کار میں کورونا وبا سے نجات کے لیے متحرک ہیں ۔ حکومتی نااہلی ، سرکاری انتظامات کے نقائص اور بے تدبیری ہر جگہ پریشانی کا باعث ہے ۔ دریں اثنا لیا قت بلوچ نے جماعت اسلامی شیخوپورہ کے ضلعی امیر حاجی عاشق ورک کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور مرحومہ کے لیے دعامغفرت بھی کی ۔