اسلامی سزاؤں کو ظلم و بربریت کہنے والے خود ظالم ہیں،علی محمد خان

550

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے فواد چوہدری کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی سزاؤں کو ظلم و بربریت کہنے والے خود ظالم ہیں۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرموں کو سر عام پھانسی دینے کی قرار داد پیش کی گئی جو کثرت رائے سے منظور ہوگئی،اس قرار داد کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کیا تھا۔

قرار داد مظور ہونے پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کے ذریعے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس طرح کے قوانین تشدد پسندانہ معاشروں میں بنتے ہیں اور یہ انتہا پسندانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے، بربریت سے آپ جرائم کے خلاف نہیں لڑ سکتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں یہ سب ہو چکا ہے، اس طرح کی سزائیں قبائلی معاشروں میں ہوتی ہیں جہاں انسان اور جانور ایک برابر ہیں۔

جس پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے فواد چوہدری کو ٹوئٹ کے ہی ذریعے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ الحق ہے اور اس کا حکم الحق ہے، اسلامی سزاؤں کو ظلم و بربریت کہنے والے خود ظالم ہیں،دوسرا قبائلی معاشرہ دنیا کا سب سے مہذب معاشرہ ہے جہاں عورت کی عزت، بڑوں کا ادب اور پختون ولی ہے۔

علی محمد خان نے مزید کہا کہ قبائلی معاشرہ وہ ہے جہاں سر قربان کیا جاتا ہے لیکن عزت نہیں، مجھے فخر ہے اپنےقبائلی معاشرے پر۔

یاد رہے کہ فواد چوہدری کے علاوہ  وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کی قرارداد کی مخالفت کی ہے۔