تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا تو عمران خان بنی گالہ میں لنگر خانہ کھول لیں، ن لیگ

114

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کا تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں بھی لنگر خانہ کھول لیں،عوام کو پتا چل گیا ہے کہ روشن ترقی کرتے پاکستان اور نئے غریب، مہنگے ترین پاکستان میں فرق صرف نواز شریف اور عمران خان کا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا اگر تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتا تو بنی گالہ میں بھی لنگر خانہ کھول دیں، عمران خان نے کنٹینر پر اخلاقیات اور سماجی اقدار کی تباہی کی اور اب وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر کاروبار، روزگار اور معیشت کو تباہ کیا۔انہو ں نے کہا کہ عوام کو پتا چل گیا ہے کہ روشن ترقی کرتے پاکستان اور نئے غریب، مہنگے ترین پاکستان میں فرق صرف نواز شریف اور عمران خان کا ہے، عمران خان نے آئی ایم ایف جانے سے لے کر، بجلی، گیس، پیٹرول، آٹا، چینی،پیاز، ٹماٹر اور روٹی سب مہنگی کرنے تک جھوٹ بولا۔ترجمان(ن)لیگ نے کہا کہ عمران خان آپ کی صلاحیت پشاور میٹرو سے عیاں اور نالائقی و نااہلی آٹے اور چینی کے بحران سے ثابت ہوتی ہے جس پر شرم آنی چاہیے۔