مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں مسلم ممالک کے چینلز پر پابندی لگا دی

126

سری نگر(اے پی پی+آن لائن)مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں مسلم ممالک کے چینلز پر پابندی لگا دی جب کہ مقبوضہ وادی میں مسلم اکثریتی علاقوں میںمسلط کردہ غیر انسانی لاک ڈاؤن پیر کومسلسل 106 ویں روز بھی جاری رہا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں دفعہ 144 کے تحت بھی سخت پابندیاں نافذ ہیںجہاںبھارت کے کشمیر دشمن اقدامات کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ انٹرنیٹ ، ایس ایم ایس اور پری پیڈ موبائل نیٹ ورکس پر مکمل پابندی کے علاوہ موسم سرما کے آغاز نے بھی کشمیریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیاہے۔ ادھر کشمیری عوام تعلیمی اداروں اور دفاتر سے دور رہ کر بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدامات کے خلاف خاموش احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دکاندار بھی صبح چند گھنٹے اپنی دکانیں کھولنے کے سوا دن بھر بند رکھتے ہیں۔بھارتی حکومت نے کیبل آپریٹروںکو پاکستان ، ایران ، ترکی اور ملائیشیا سمیت اسلامی ممالک کے ٹی وی چینل کی نشریات اپنے نیٹ ورک کے ذریعے نشر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ علاوہ ازیںضلع جموںکے علاقے پلاںوالا اکھنور میں بھارتی فوجی گاڑی معمول کے گشت کے دوران دھماکا خیزموادسے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میںبھارتی فوج کا ایک حوالدار ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور بی جے پی کے سینئر رہنما نرمل سنگھ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیاہے۔