انڈر 16 سیریز،پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا سہ روزہ میچ ڈرا

400

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے اوپنر محمد شہزاد کے بھرپور دفاعی انداز کی بدولت بنگلا دیش کے خلاف پہلا3 روزہ میچ برابر کردیا۔ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے۔ محمد شہزاد نے 127 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کومشکلات کے بھنور سے نکالا۔ اسپنر علی اسفند نے دوسری اننگز میں 6 شکار کرکے میزبان ٹیم کے کم بیک میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مہمان ٹیم نے میچ کے تیسرے روز4 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے اسپنر علی اسفند کی عمدہ بولنگ کی بدولت پوری ٹیم 200 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے علی اسفند نے میچ میں 82 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میڈیم پیسر احمد خان نے میچ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بنگلادیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے کپتان نعیم احمد دوسری اننگز میں 73 رنز بنا کر ٹاپ اسکور ررہے۔پہلی اننگز میں 87 رنز کے خسارے کا شکار قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کو میچ میں جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کے بلے بازوں نے دوسری اننگز کے آغاز سے ہی دفاعی حکمت عملی اپنائی تاہم اوپنر محمد عامر 74 گیندوں پر 11 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ سے محمد شہزاد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ انہوں نے 127 گیندوں پر80رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں عباس علی نے 34 گیندوں پر 3 رنز بنا کر محمد شہزاد کا بھرپور ساتھ دیا۔ کھیل کے اختتام تک قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل مہمان ٹیم کے 204 رنز کے جواب میں قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم ابرار افضل کی نصف سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔