کتابیں بندوقوں اور بموں کا بہترین متبادل ہیں، محمد حسین محنتی

441

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ کتابیں اللہ تعالی سے ہمکلام ہونے کا ذریعہ ہیں اور خدائے واحد نے اپنے تمام احکامات کتابوں کی شکل میں انسانوں تک پہنچائے ہیں،کتاب کا کوئی متبادل نہیں ہے کتاب انسانوں کی سب سے بہترین رہنمائی کرتی ہے، کتابیں بندوقوں اور بموں کا بہترین متبادل ہیں،جہان مسیحا ادبی فورم کی جانب سے علم فیسٹول علم دوست، مثبت اور صحت مند سر گرمی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہان مسیحا ادبی فورم کے زیر اہتمام کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری دو روزہ علم فیسٹول میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی انعام الحق جاوید، قائد اعظم اکیڈمی کے سربراہ خواجہ رضی حیدر، جہان مسیحا کے ایگزیکٹو ممبرہارون قاسم، بیٹھک اسکول ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین سید جمشید احمد،علم فیسٹول کے منتظمین عرفان احمد، اطہر سلیمان اور عبد الصمد سمیت دیگربھی موجود تھے۔

منتظمین کے مطابق علم فیسٹول میں کتب میلہ بھی لگایا گیا ہے جس میں 10 لاکھ سے زائد کتب رکھی گئی ہیں، کتب میلے میں طب کے علاوہ ادب، شاعری، قانون، اخلاقیات، سماجیات، معیشت، انگریزی ادب سمیت دیگر شعبہ جات سے متعلق کتابیں موجود ہیں۔فیسٹول کے پہلے روز مختلف طبی تشخیصی ٹیسٹ مفت کیے گئے ہیں، بچوں کے لیے پینٹنگز اور فوڈ اسٹالز بھی لگائے گئے، فیسٹول میں ادویہ ساز کمپنیوں کے اسٹال بھی تھے۔فیسٹول میں پروفیسرز، اسیوسی ایٹ پروفیسرز، ڈاکٹروں سمیت شعبہ طب اور ادب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ عام لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی،

جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ علم کے فروغ سے ہمارے ملک میں امن و امان پروان چڑھے گا۔

علم فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ترقی کا راز علم سیکھنے اور پھیلانے میں ہے، علم کو فروغ دے کر ہی ملک کی ترقی، برائیوں اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے، کتب میلے جیسی علم دوست سرگرمیوں کے نتیجے میں باعزت روزگار بھی میسر آئے گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے شدت پسندی،انتہا پسندی اور بد امنی کے خاتمہ صرف اسی صورت ممکن ہے کہ ملک میں کتاب سے رشتہ مضبوط کیا جائے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے سے کتاب دوستی ختم ہورہی ہے لیکن کتاب سے تعلق جتنا مضبوط ہوگا یہاں اتنا ہی امن و سکون ہوگا، کتاب سے تعلق ہی ہمیں شدت پسندی اور انتہا پسندی سے نجات دلا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ علم پھیلانے سے ہی علم بڑھتا ہے ہم جتنا علم پھیلائیں گے اتنا علم بڑھے گا، ملکی ترقی کا راز بھی اسی میں ہے کہ کتاب کلچر اور علم کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس سلسلے کو جاری رکھنے کی درخواست کی ہے۔

جہان مسیحا ادبی فورم کے زیر اہتمام علم فیسٹول میں بیٹھک اسکول ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین سید جمشید احمد نے فیسٹول میں آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی آمد سے منتظمین کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے،

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ اس طرح کی علم دوست سرگرمیاں جاری رکھیں گے تاکہ یہ سلسلہ اسی طریقے سے جاری و ساری رہے، علم فیسٹول کے منتظم عرفان احمد نے کہا کہ جہاں علم اور کتاب سے ناطہ توڑا جاتا ہے وہاں شدت پسندی اور انتہا پسندی پروان چڑھتی ہے، پاکستان کو درپیش تمام مسائل ہیں وہ علم، کتاب کی کمی سے ہے، ہم کتاب سے تعلق جوڑ لیں تو ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔