قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سینٹرل پنجاب نے نادرن کو 4 وکٹوں سے ہرادیا

208

فیصل آباد(جسارت نیوز )قومی ٹی ٹوئٹنی کپ کے تیسرے روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد نے ناردرن کی مضبوط بولنگ لائن اپ کو چاروں شانے چت کردیا۔ اوپنر نے 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے 223 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ناردرن کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور محض 59 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی اور آل راؤنڈر محمد نواز کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے107 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ 35 گیندوں کا سامنا کرنے والے آصف علی نے 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، محمد نواز نے 50 رنز بنائے۔ کپتان عماد وسیم نے آخری اوور میں 5 گیندوں پر 22 قیمتی رنزجوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 222 تک پہنچادیا۔ مقررہ 20 اوورز میں ناردرن کے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹے۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز بھی متاثرکن نہ تھا۔ سنٹرل پنجاب کے محض 17 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ کپتان بابر اعظم 4 اور کامران اکمل 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوسرے اینڈ سے تن تنہا ناردرن کی مضبوط بولنگ لائن اپ کا سامنا کرتے رہے۔ اختتامی اوورز میں سعد نسیم اور فہیم اشرف نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ احمد شہزاد نے سعد نسیم کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 80رنز کی شراکت قائم کی۔ سعد نسیم کے آؤٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد اور آلراؤنڈر فہیم اشرف کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔ ناردرن کی جانب سے عماد وسیم نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں خیبرپختونخوا اور سندھ جبکہ دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔