چائلڈ لیبر کی آڑ میں بھٹہ مالکان کیخلاف کارروائی بندکی جائے ،عبدالرزاق

155

فیصل آباد (جسارت نیوز) ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ محکمہ لیبر کے بعض افسران چائلڈ لیبر کی آڑ میں بھٹہ مالکان کو ناجائز طور پر بلیک میل کرتے ہیں جو بھٹہ مالک انہیں منتھلی نہیں دیتا ہے اسے چائلڈ لیبر یا دیگر مقدمات میں ملوث کروانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصل آباد کے کسی بھی بھٹہ پر چائلڈ لیبر یا بانڈڈ لیبر کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔ لیبر افسران کمسن بچوں کے ہاتھ میں مٹی کے سانچے تھما کر فوٹو سیشن کرتے ہیں اور اس کے بعد بھٹہ مالک کو بلیک میں کر کے ایف آئی آر دے دی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستیانہ روڈ پر پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی 107 خالد رفیع چیمہ کی طرف سے بھٹہ مالکان کے اعزاز میں دیے جانے والے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ستیانہ روڈ سیکٹر اسلم چدھڑ، امین باجوہ، طاہر نعیم چیمہ، چودھری نواز سرویا، میاں زین العابدین، امتیاز ککڑ، سجاد علی، اللہ نور خان، آصف گجر، سکندر نواز چیمہ، افضال ککڑ، کلیم رندھاوا، حاجی عمران، مجاہد اعوان، میاں یوسف، حاجی اسلام، حاجی غلام مصطفی اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا کہ بھٹہ کا کاروبار ٹھیکیداری نظام کے تحت چلتا ہے کوئی بھٹہ مالک کسی بچے کو کام پر نہیں لگاتا۔ بعض والدین زیادہ پیسے کمانے کے چکر میں اپنے بچوں سے ہاتھ بٹواتے ہیں جس کا مالک کو علم ہی نہیں ہوتا پھر مالک کو قصور وار کیسے ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ محکمہ لیبر نے اگر چائلڈ لیبر کی شکایت پر کارروائی کرنا ہے تو بھٹہ مالکان کی یونین موجود ہے، پہلے اس کو اعتماد میں لے اور پھر کسی مالک کیخلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چائلڈ لیبر کی آڑ میں بھٹہ مالکان کیخلاف کارروائی بند نہ کی گئی تو ضلع بھر میں بھٹہ خشت بند کردیے جائیں گے اور اس کی ذمے دار ضلعی انتظامیہ ہوگی۔