جج نہ ہونے کے باعث کراچی کی 3 احتساب عدالتوں میں کام بند ، سراج درانی کی پیشی

293
کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آرہے ہیں
کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آرہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) کرپشن ریفرنس کی سماعت کرنے والی4 احتساب عدالتوں میں سے 3 میں کئی روز سے مقدمات کی سما عت التوا کا شکار ہے ‘ ججز راشدہ ا سد، شیر بانو کریم ا ور عالیہ انٹر کے تباد لے اور رخصت پر جانے کی وجہ سے میگا کرپشن اسکینڈلز اور دیگر درجنوں مقدمات میں کوئی پیش رفت نہیںہو رہی‘ فاضل عدالتوں میں سندھ میں زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، غیر قانونی ٹھیکے دینے اور بدعنوانی، ناجائز اثاثہ جات میں ملوث اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، فشر کو آپریٹو سوسا ئٹی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نثار مورائی اور دیگر کے خلاف کئی روز سے کیسز کی سماعت
نہیں ہو سکی‘ مقدمات میں آنے والے ملزمان کو عدالت میں ججز نہ ہونے کی وجہ سے صرف اگلی تاریخ دے دی جاتی ہے‘ احتساب عدالت نمبر ایک کی جج راشدہ اسد کو ہائی کورٹ میں جسٹس تعینات کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا احتساب عدالت نمبر 1 کے ڈیوٹی جج نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی‘ ہفتے کو آغا سراج درانی سمیت دیگر ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ دوران سماعت تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ ملزم سراج درانی کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرا موکل فروری سے جیل میں ہے‘مفرور ملزمان کے خلاف کارروائی کریں اور کیس جلد شروع کیا جائے‘ فا ضل جج کا کہنا تھا کہ آپ کے کیس کا متعلقہ جج ہی نہیں ہے، جج تعینات ہوگا تو دیکھیں گے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے رہنما سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات کے دوسرے ریفرنس کو وکلا نے چیلنج کر دیا۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 4 ا کتوبر تک کیلیے محفوظ کرلیا۔ ملزمان کے وکلا کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دا ئر ریفرنس ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا جائے۔ نیب کے وکلا نے دلائل میں کہا کہ ملزمان کے خلاف آمدن سے زاید اثاثے بنانے کے ثبوت موجود ہیں ۔ واضح رہے کہ نیب نے شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان کے خلاف دوسرا ریفرنس دائر کیا ہے ‘ریفرنس میں شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل اور والدہ زینت انعام میمن بطور ملزمان نامزد ہیں جبکہ دیگر ملزمان میں ذیشان، اظہار حسین، محمد سہیل، سیف اللہ لوہار، آغا احسن، شوکت علی تھیبو اور کامران گل و دیگر بھی شامل ہیں۔ ملزمان پر 2 ارب 27 کروڑ اور 9 لاکھ روپے کی کرپشن کا الزام ہے جبکہ شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف ا نفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن کا ریفرنس پہلے ہی سے زیر سماعت ہے۔