اسلام آباد ضرور جائیں گے کسی ادارے سے تصادم کا ارادہ نہیں،مولانا فضل الرحمٰن

167
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمن وفد کے ہمراہ ملاقات کر رہے ہیں
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمن وفد کے ہمراہ ملاقات کر رہے ہیں

لاہور(صباح نیوز) جمعیت علما ئے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی کا اعلان کریں گے، اسلام آباد جانے کا مقصد کسی ادارے کے ساتھ تصادم کا ارادہ نہیں، آزادی مارچ کی تاریخ کا تعین ایک 2 دن میں کر لیں گے،اپوزیشن جماعتوں کواسلام آباد معاہدے پر قائم رہنا چاہیے ملک و قوم فراڈ حکومتوں کے تجربوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ،قومی مفادات کے تحفظ کے لیے میدان میں کھڑے ہونے والے حکمران نہیں ‘ جو کچھ کرنا ہے میںنے اور آپ نے کرنا ہے، دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف اسلام آباد کی جانب آرہے ہیں۔ پوری قوم ہمارے ساتھ ہے ، مظلوم طبقات کی آواز بن کر آزادی مارچ کررہے ہیں،جمعیت ایک مضبوط سیاسی قوت ہے اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو کسی کو بھی چلنے نہیں دیں گے،موجودہ حکومت نے قرضوں کا گزشتہ تمام حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں ،آج ہم میدان میں آئے ہیں تو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کر رہے ہیں، پاکستان میں مذہب لاوارث نہیں ہم تنہا نہیں،قوم ہمارے ساتھ ہے ، حکمرانوں کو اسرائیل سے دوستی کی فکر ہے اسے تسلیم کرنے کی باتیں جاری ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنا فلسطین کے قبضے کوتسلیم کرنے کے مترادف ہوگا ۔ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز لاہور وحدت روڈ پرختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتنے ختم نبوتﷺ کے دشمنوں کا جس طرح تعاقب کیا اور اسلام کے قلعہ کی حفاظت کی اس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ برصغیر میں عقیدہ ختم نبوت کا انکارانگریز استعمار کی وہ فتنہ گری ہے جو آج پوری دنیا میں پھیل چکا ہے جس کاتحفظ اور نگرانی آج مغرب کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان عقیدہ ختم نبوت پر کسی قسم کی نرمی نہیں برت سکتا۔میں سلام عقیدت پیش کرتا ہوں اپنے اکابر کو جنہوں نے ہمیں شعور دیا۔اگر ہم واقعتاً اپنے اکابر کے نام لیوا ہیں اور انکے وارث ہیں تو اس کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو اس فتنہ کی سرکوبی کیلیے وقف کردیں۔ آج ملک میں سوالات اٹھائے جارہے ہیں، یہ ایک نظریاتی کشمکش ہے۔اگر بے دین طبقہ اپنے آقاوں سے وفاداری کا مظاہرہ کرسکتا ہے تو ہم بھی اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چل سکتے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کارکنا ن ٹی وی کے پروپیگنڈوں کا شکار مت ہوں یہ وقت استقامت کا متقاضی ہے۔ہم ٹی وی اور میڈیا کے تبصروں سے مرعوب نہیں ہونے والے۔