عبدالجوشی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایوریسٹ سر کرلی

307

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی مشہور کوہ پیما عبدالجوشی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایوریسٹ جبکہ پاکستان ہی کے 20سالہ کوہ پیما کاشف شہروز نے 8 ہزار سے اونچی چوٹی لوٹسے سر کر لی۔شہروز کاشف اس سے قبل براڈ پیک، مانٹ ایوریسٹ، کے ٹو، مناسلو اور کنچن جونگا بھی سر کر چکے ہیں جبکہ38سالہ کوہ پیما عبدالجوشی نے پیر کی صبح کامیابی کیساتھ 8ہزار 849میٹر اونچی دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایوریسٹ کو سرکیا،عبدالجوشی مائونٹ ایوریسٹ کو سر کرنے والے آٹھویں پاکستانی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 20سالہ کوہ پیما کاشف شہروز نے 8 ہزار سے اونچی ایک اور چوٹی سر کر لی۔شہروز کاشف نے 8516میٹر اونچی چوٹی لوٹسے کو سر کر لیا جس کی تصدیق ان کی ٹیم نے بھی کر دی ہے۔20 سالہ کوہ پیما نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند چھٹی چوٹی سر کی ہے۔شہروز کاشف اس سے قبل براڈ پیک، مانٹ ایوریسٹ، کے ٹو، مناسلو اور کنچن جونگا بھی سر کر چکے ہیں۔شہروز کاشف 8ہزار میٹر سے بلند 6چوٹیاں سر کرنے والے چوتھے پاکستانی ہیں۔مائونٹ لوٹسے کو سر کرنے کے بعد شہروز کاشف پانچویں بلند ترین چوٹی مکالو کا رخ کریں گے۔دوسری جانب پاکستانی حلقوں میں پاتھ فائنڈرز کے نام سے مشہور کوہ پیما عبدالجوشی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی مانٹ ایوریسٹ کو سر کر لیا۔ عبدالجوشی کی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 38سالہ کوہ پیما پیر کی صبح کامیابی کے ساتھ 8ہزار 849میٹر اونچی دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کر لیا ۔ عبدالجوشی مانٹ ایوریسٹ کو سر کرنے والے آٹھویں پاکستانی ہیں جبکہ 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے یہ ان کی دوسری چوٹی ہے، وہ اس سے قبل اناپورنا کو بھی سر کر چکے ہیں۔عبدالجوشی سے قبل مرزا علی بیگ، ثمینہ بیگ، عبدالجبار بھٹی، شہروز کاشف، سرباز علی، نذیر صابر اور حسن سدپارہ بھی مانٹ ایوریسٹ کو سر کر چکے ہیں۔ہنزہ سے تعلق رکھنے والے عبدالجوشی نے گزشتہ برس گلگت بلتستان میں واقع مشکل ترین پاسو کونز کو سر کیا تھا۔