حیدرآباد،زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام سمارٹ کیمپس بن گئی

132

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی تنزیلہ ام حبیبہ قمبرانی نے وائس چانسلر کے ہمراہ سسٹم کا افتتاح کیا۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبے کے تین شہروں میں آئی ٹی زونز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام صوبے کی پہلی ’’اسمارٹ کیمپس‘‘ بن گئی ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی معاونت سے پوری یونیورسٹی انٹرنیٹ سے منسلک ہوگئی ہے، جبکہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی نظام کے ساتھ بھی جوڑا گیا ہے۔ ہفتہ کو قائم کردہ سینٹر کا افتتاح وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تنزیلہ امہ حبیبہ، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نذیر حسین نے کیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ یہ زرعی یونیورسٹی کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مادرعلمی صوبے کی پہلی ’’اسمارٹ کیمپس‘‘ بن گئی ہے، جس سے یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ، محققین اور انتظامیہ سے وابستہ 7000 صارفین کو سمارٹ کیمپس سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں داخلوں، امتحانات اور انتظامیہ کے ریکارڈ کو ڈیجیٹیلائیز کیا جائے گا، اس طرح کلاس رومز، لائبریریز، سیمینار اور کانفرنسز بھی انٹرنیٹ سے منسلک ہو جائیں گی اور یونیورسٹی، ملکی اور بین الاقوامی تدریسی و تحقیقی اداروں سے جڑ جائی گی، دوسری جانب دنیا کا جدید سائنسی نصاب باآسانی طلباء کے دسترس میں ہوگا، جبکہ یونیورسٹی کے لیے منظورشدہ نصاب کی کتابوں کو اپنی ویب سائٹ پر اسکین کرکے اپلوڈ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی سمیت ملک کی مختلف جامعات مالی مشکلات کا شکار ہیں۔سندھ حکومت صوبے کی جامعات میں بہترین تدریسی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے خصوصی گرانٹس اور بجٹ جاری کرکے خسارے پر قابو پانے کے لیے یونیورسٹیوں کی مدد کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی معاون خصوصی اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ کی اسٹینڈنگ کامیٹی کی چیئر پرسن تنزیلہ امہ حبیبہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کی جامعات میں تدریسی سہولیات کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔