قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

3291

 

جب اللہ کی مدد آ جائے اور فتح نصیب ہو جائے۔ اور (اے نبیؐ) تم دیکھ لو کہ لوگ فوج در فوج اللہ کے دین میں داخل ہو رہے ہیں۔ تو اپنے رب کی حمد کے ساتھ اْس کی تسبیح کرو، اور اْس سے مغفرت کی دعا مانگو، بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے۔ (سورۃ النصر:1تا 3)
ٹوٹ گئے ابولہب کے ہاتھ اور نامراد ہو گیا وہ۔ اْس کا مال اور جو کچھ اس نے کمایا وہ اْس کے کسی کام نہ آیا۔ ضرور وہ شعلہ زن آگ میں ڈالا جائے گا۔ اور (اْس کے ساتھ) اْس کی جورو بھی، لگائی بجھائی کرنے والی۔ اْس کی گردن میں مونجھ کی رسی ہوگی۔ (سورہ لہب:1تا 5)

سیدنا ابو ہریرہؓ سے روا یت ہے انہوں نے یہ فرمان نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کیا آپ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی سو جاتا ہے تو شیطان اس کے سر کے پچھلے حصے پر تین گرہیں لگاتا ہے ہر گرہ پر تھپکی دیتا ہے کہ تم پر ایک بہت لمبی رات (کا سونا لازم) ہے جب انسان بیدار ہو کر اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا ہے تو ایک گرہ کھل جاتی ہے اور جب وہ وضو کرتا ہے اس سے دوسری گرہ کھل جاتی ہے پھر جب نماز پڑھتا ہے ساری گرہیں کھل جاتی ہیں اور وہ چاق چوبند ہشاش بشاش پاک طبیعت (کے ساتھ) صبح کرتا ہے ورنہ (جاگ کر عبادت نہیں کرتا تو) صبح کو گندے دل کے ساتھ اور سست اٹھتا ہے۔ (صحیح مسلم)