قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کا وقت ہے،حنید لاکھانی

117

کراچی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کا وقت ہے، پوری قوم ہر طرح سے اپنی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے صورتحال مشکل ضرور ہے لیکن جلد اس صورتحال سے نکل آئیں گے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے پاکستان کے دورے سے سب سے زیادہ تکلیف بھارت کو ہور ہی تھی اور اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ ساری سازش بھارت کی ہے ، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان نے جتنی زبردست سیکورٹی دی تھی اتنی تو شاید ان کو اپنے ملک میں بھی نہ ملتی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ کرکٹ حلقوں میں پاکستان کو تنہاکرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ایک بہترین میزبا ن ہے اور کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی میزبانی میں کوئی کمی نہیں ہونے دیتا ہماری روایات ہمیں مہمانوں کی مہمان نوازی اور ان کا احترام کرنے کا درس دیتی ہیں لیکن اس کا ہر گز یہ مقصد نہیں ہے کہ دوسروں کے کہنے پر کوئی بھی ہمارے ملک میں سیکورٹی کا ایشو بنا کر ہمیں بدنام کرنے کی سازش کریگا اور ہم خاموش بیٹھے رہیں گے۔ پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ترین ملک ہے۔