ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون نافذ کیا جائے‘ پی ایم اے

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنگین صورتحال سے بچنے کے لیے فور ی طور پر ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون نافذ کیا جائے۔ جمعے کو جاری بیان میں پی ایم اے کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ اگر وبا پر قابو پانے کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو اللہ نہ کرے ہمیں بھی بھارت جیسی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے اور ہمارا کمزور ہیلتھ ڈیلیوری سسٹم اس کا متحمل نہیں ہے اس لیے ہمیں سخت احتیاطی اقدامات کرنے ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹس 6 بجے بند کرنا کافی نہیں‘ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی جائے‘ کورونا وائرس کی مختلف خطرناک اقسام باہر کے ممالک سے پاکستان پہنچ چکی ہیں اس لیے حکومت بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عاید کرے‘ اندرون ملک پروازوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ ہماری ویکسی نیشن مہم سست رفتاری کا شکار ہے جسے تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا سکے۔