ابراہیم رئیسی کا دورہ: پاک ایران تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

247

اسلام آباد: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورۂ پاکستان کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات میں صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ گفتگو میں دونوں ملکوں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی کے شعبے میں مشترکہ تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ معاہدے کی توثیق کی گئی۔ علاوہ ازیں پاک ایران تجارتی حجم کو توسیع دینے کے لیے 8 مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے جہاں نور خان ائربیس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں مہمان صدر کا پی ایم ہاؤس میں وزیراعطم شہباز شریف نے استقبال کیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوںملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

استقبال کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان روابط اور تعلقات کو فروغ دینے سمیت یک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک ایران مشترکہ کوششوں پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی حجم کو آئندہ 5 سال میں 10 ارب ڈالر تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات ہوئے اور 8 مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بعد ازاں ایرانی صدر اور وزیراعظم نے میڈیا سے بھی بات چیت کی اور ملاقات کا احوال بتایا۔