کے فور منصوبہ کو 650 ملین گیلن یومیہ کے مطابق ہی مکمل کیا جائے، منعم ظفر خان

245

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے کراچی کے لیے پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے کے فور کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کہ اگلے سال  منصوبے کے فیز ون 260ملین گیلن یومیہ مکمل ہونے کے باوجود کراچی کے عوام کو ان کے گھروں تک پانی نہیں پہنچ پائے گا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس صورتحال کو اہل کراچی کے ساتھ مسلسل ظلم و زیادتی،سنگین مذاق اور دھوکہ قرار دیا ہے۔

منعم ظفر نے کہا ہے کہ شہر میں پانی بحران کے حل نہ ہونے کی بنیادی ذمہ داری پیپلز پارٹی کی16سالہ حکومت پر عائد ہوتی ہے، اس کی ذمہ داری ایم کیو ایم پر بھی عائد ہو تی ہے جو پیپلز پارٹی کے ساتھ اقتدار میں شریک رہی ہے اور نواز لیگ اور پی ٹی آئی بھی اس کی ذمہ دار ہیں جن کی وفاق میں حکومت رہی ہے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ 650ملین گیلن یومیہ کے کٹوتی شدہ 260ملین گیلن یومیہ  منصوبہ مکمل ہونے پر بھی عوام کو پانی نہیں ملے گا صرف اس وجہ سے کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے پاس نئے منصوبے کے مطابق پانی کی ترسیل کا نظام نہیں ہے جو حکومتوں کی نا اہلی، بے حسی اور انتہائی غیر سنجید گی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر کا کہنا تھا کہ   کراچی کے عوام کے ساتھ یہ ناروا سلوک آخر کب تک روا رکھا جائے گا؟  اہل کراچی کے ساتھ مذاق اور دھوکہ دہی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ہم پیپلز پارٹی،نواز لیگ اور ایم کیو ایم موجودہ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے واضح اور دو ٹوک طور پر کہتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو اب کہانی نہیں پانی چاہیے، اب وفاق اور صوبہ ایک پیج پر ہیں اور ایم کیو ایم بھی وفاقی حکومت کا حصہ ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے عوام کا پانی کا سنگین اور دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے اور K-4منصوبہ اس کی اصل گنجائش 650ملین گیلن یومیہ کے مطابق ہی مکمل کیا جائے۔