قوم اعلیٰ تعلیم اور تحقیق پر سرمایہ کاری کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، وفاقی وزیر

328
International cooperation

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہقوم اعلی تعلیم اور تحقیق پر سرمایہ کاری کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی،  سماجی مساوات، موسمیاتی تبدیلی، شمولیت، امن اور ہم آہنگی کے عالمی چیلنجوں کے لئے بین الاقوامی تعاون اور ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی قوم اعلی تعلیم اور تحقیق پر سرمایہ کاری کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان اور برطانیہ کے مابین مستقبل میں تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں وائس چانسلرز فورم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی جبکہ برطانیہ کی سرکردہ یونیورسٹیوں، ایجوکیشن چیمپئنز اور ماہرین کا ایک بڑا وفد بھی برطانوی حکومت کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سر سٹیو سمتھ کی قیادت میں شریک ہوا جو 22 اپریل سے 26 اپریل تک پاکستان کا پانچ روزہ دورہ کررہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ برطانیہ میں 16 لاکھ پاکستانی آباد ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان رابطے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوام سے عوام میں روابط ہیں جبکہ بڑی تعداد میں پاکستانی تعلیم اور روزگار کے سلسلہ میں برطانیہ میں مقیم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سماجی مساوات، موسمیاتی تبدیلی، شمولیت، امن اور ہم آہنگی کے عالمی چیلنجوں کے لئے بین الاقوامی تعاون اور ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی قیادت میں پاکستان کا اعلی تعلیم کا شعبہ، نوجوان اور تعلیمی ادارے ترقی، اختراعات اور تبدیلی کے لئے پرعزم ہیں۔