بارشوں کا نیا سلسلہ 25 اپریل سے پاکستان میں داخل ہوگا، محکمہ موسمیات

405
Meteorological Department

کراچی : محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کردی ، یہ سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ملک میں بارش کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 25اپریل سے برسات کا ایک اور سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا، یہ سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔نئے سسٹم کے تحت کراچی میں برسات کے فی الحال امکانات دکھائی نہیں دےرہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی سے بارش برسانے والا سسٹم نکل گیا ہے اور اب برسات کا کوئی امکان نہیں ، شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ 25 سے29 اپریل تک بلوچستان، کےپی، جی بی ،کشمیرکے چند مقامات پر بادل برسنے اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم ایز اوردیگر اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کاشتکارگندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں، آسمانی بجلی چمکتےوقت سائیکل، موٹر سائیکل یابغیرچھت کے گاڑیوں میں سفر نہ کریں اور بلندعمارتوں، درختوں، کھمبوں، موبائل ٹاورز سے دور رہیں۔

این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ملک بھرمیں بارشوں کاسلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے ، بلوچستان کےشہرکیچ، قلات، خضدارمیں سیلابی صورتحال متوقع ہے جبکہ کےپی میں21اپریل تک دیر،مالاکنڈ،صوابی، کوہستان میں سیلاب کا امکان ہے۔