پی ٹی آئی والے اڈیالہ سے ملک دشمنی کی گائیڈ لائن لے رہے ہیں، عطااللہ تارڑ

209

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے اڈیالہ سے ملک دشمنی کی گائیڈ لائن لے رہے ہیں، کسی کو پاکستان پر تنقید اور خارجہ پالیسی پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خارجہ پالیسی کے ساتھ کھیلنا عمران خان کا وطیرہ رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ وہ ہاؤس کی توجہ پاکستان کے مفاد سے جڑے خارجہ پالیسی کے محاذ کی طرف مبذول کراناچاہتے ہیں، خارجہ پالیسی ایک حساس موضوع ہے، گزشتہ روز صدر مملکت کے خطاب کے دوران جو اس ایوان میں ہوا، افسوسناک تھا۔

انہوں نے کہاکہ  ماضی میں اس ہاؤس کی روایت رہی ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے علامتی احتجاج کیا جاتا تھا اس کے بعد ایوان میں بیٹھ کر تقریر سنی جاتی تھی، کل گیلریز میں غیر ملکی سفارت کار بھی موجود تھے اور ان کی موجودگی میں ایوان کے اندر باجے بجائے گئے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  اپوزیشن ایوان کے اندر غلط روایات ڈال رہی ہے، ماضی میں اس طرح ایوان کا ماحول کبھی خراب نہیں کیا گیا۔