امید ہے بہت جلد افغانستان کا دورہ ہوگا: وزیر خارجہ

157
energy project

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مجھے افغانستان کے دورے کی دعوت آئی ہوئی ہے مناسب وقت پر دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، سفارتی امور کو حتمی شکل دینے کے بعد امید ہے دورہ ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر دفتر خارجہ نے اپنا بیان جاری کیا تھا، سربراہ مملکت کے دورے فوری طور پر پلان نہیں ہوتے، ایرانی صدر کا دورہ 22، 23 اور 24 اپریل کو ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر کوئی بیان نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سوئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم اور میں او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے گیمبیا جائیں گے۔ گزشتہ رات شراکت داروں کیساتھ وزارت خارجہ میں اجلاس ہوا، افغان وزیر خارجہ نے مبارکباد کا فون کیا تو دورے کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 2018 میں مستحکم ہو رہی تھی، سیاست کو ملکی مفاد پر مقدم نہیں سمجھنا چاہیے، گزشتہ دور میں 2013 کے بعد کی تمام محنت رائیگاں کردی گئی۔ بشام واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں، چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، بہت جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے۔