حافظ نعیم الرحمن کو امیرجماعت اسلامی پاکستان بننے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، مرتضیٰ وہاب

570
Congratulating Hafiz

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) میئر کراچی بیریسٹرمرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہاکہ جماعت اسلامی سے ہمارے تعلقات بہتر ہوئے ہیں سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ ایک سلجھے ہو ئے سمجھدار آدامی ہیں میں حافظ نعیم الرحمن کو جماعت اسلامی پاکستان کا امیر بنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

مجھے امید ہے کہ ان کے امیر بننے کے بعد پاکستانی سیاست میں مثبت تبدیلی آئے گی،جماعت اسلامی سیاسی طور پر مجھے جتنی تنقید کر سکتی ہیں کریں لیکن کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے میرے سا تھ تعاون کریں اس میں کراچی کے شہریوں کی بھلائی ہے۔

بدھ کی شام شاہین کمپلیکس کے قریب قومی عجائب گھر بزنس گارڈن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے اشاعتی ادارے کے صحافیوں سے خصوصی ملاقات اور بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ عسکری پارک اور موجودہ کے ایم سی پارک میں موجود شادی ہال کمرشل بنیاد پر چل رہا ہے۔ مجھے یہ انکشاف گزشتہ روز ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد اندازہ ہوا ہے کہ کے ایم سی کے پا رک میں کمرشل بنیاد پر شادی کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس پر میں متعلقہ محکمہ سے معلومات حاصل کر رہا ہوں.انہوں نے کہا کہ ٹاون انتظامیہ ہم سے کسی قسم کا تعاون نہیں کررہی ہے۔

کے ایم سی کے پلے گرائونڈ اور سڑکوں پر بھی ٹائون انتظامیہ نے کنٹرول کررکھا ہے ،ہم نے تمام ٹائون کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ ہماری حدود میں کام نہیں کریں ،گزشتہ دنوں طارق روڈ پر کے ایم سی عملے کو کام کرنے سے روکا گیا اسی طرح شہر کے دیگر مقامات پر کام کرنے سے روکا جارہا ہے۔

کے ایم سی کے ماتحت چلنے والے پارکوں پر قبضہٰ ہوگیا ہے ،قبضہٰ کرکے پارکوں پر تجاوزات قائم کردی گئی ہیں ، اس حوالے سے بھی ہم نے ٹاونز کو آگاہ کردیا ہے کہ یہ کے ایم سی کے ریونیو کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے لہذا کے ایم سی پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے قبضہٰ ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے زیر نگرانی چلنے و الی سڑکوں پر بھی ٹاون مداخلت کررہی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ نئے قبرستان کے لیے 50ایکٹر رقبے کی جگہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے جلد ہی مشاورت کے بعد شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا۔

حالیہ بارشوں کے حوالے سے اقدامات کردیئے گئے ہیں ،جہاں پہلے پانی کھڑا رہنے کی شکایات موصول ہوتی تھی وہاں اب سیوریج سسٹم کو بہتر کرکے سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں ،انہوں نے صحافیوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی خبروں میں نشاندہی کرتے رہیں تاکہ ہم شہر کو بہتر بنانے کے اقدامات تیز کرسکیں۔