وفاقی کابینہ کی احتساب عدالتوں کی تشکیل نو کی منظوری

124

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے احتساب عدالتوں کی تشکیل نو  اور  اسپیشل کورٹ انسداد دہشت گردی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ  کے تحت مقدمات کے اختیار سماعت کی منظوری دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،  جس میں وزیر اعظم نے  چاروں صوبوں سے رابطہ کر کے گندم کی خریداری کے اہداف مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر واہ چھاؤنی میں انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز کے قیام کے حوالے سے بل کی اصولی منظوری دے دی،  وزیراعظم نے نئی یونیورسٹیز اور اعلی تعلیمی اداروں کے قیام کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی جس کی سربراہی وزیر وفاقی تعلیم و فنی تربیت کریں گے جبکہ وزیر پیٹرولیم ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اٹارنی جنرل کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔