دعا ہے آئندہ عیدالفطر تک ملکی معیشت کو استحکام ملے، وزیراعظم

312

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ دعا ہے آئندہ عید الفطر تک پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے۔

آصف زرداری، بلاول بھٹو سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا کرتے ہیں کہ آئندہ عیدالفطر تک پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط اور معیشت مستحکم ہو جائے۔

انہوں نے عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے آپ کے تعاون کا دل کی گہرائیوں سے مشکور ہوں۔ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اتحادی حکومت میں آپ کا تعاون تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اللہ سے دعا ہے کہ ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے یہ اتحاد مبارک ثابت ہو اور آئندہ عید الفطر تک پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط اور مستحکم ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان شااللہ ہم دن رات محنت سے پاکستان کو اس مقام پر لے جائیں گے، جس کا خواب معماران پاکستان نے دیکھا تھا۔

دریں اثنا وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے افواجِ پاکستان کے سربراہان چیئرمین جوائنٹ چیفز آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربرہ ائیر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلی فون کرکے عیدالفطر کی مبارک باد دی۔