وزیر اعلی کی خیبر پختونخوا میں زعفران کی پیداوار بڑھانے کی ہدایت 

130

پشاور:وزیر اعلی خیبر پختونخواہ ( کے پی کے ) علی امین خان گنڈاپور نے صوبہ بھر میں زرعی زمینوں  سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار اکھٹے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے سیزن محکمہ زراعت کی تمام موزوں سرکاری زمینوں پر زعفران کاشت کی جائے،  زعفران کی بہتر پیداوار کے لئے پڑوسی ممالک میں کاشت کی جانے والی زعفران کی فصلوں کا جائزہ لیا جائے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے  کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس منعقد  ہوا، جس میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے وزیر اعلی کے اہم پالیسی فیصلے اور احکامات جاری کیے گئے ۔

علی امین گنڈا نے کہا کہ کم سے کم پیداواری لاگت میں زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں،  اس مقصد کے لئے جدید فارمنگ ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے،  زراعت میں تحقیق کے شعبے کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔

انہوں   نے مزید کہا کہ آمدن میں اضافے کے لئے محکمہ زراعت کی زمینوں کا بہتر استعمال یقینی بنایا جائے،ان زرعی زمینوں کو ٹھیکوں پر دینے کی بجائے محکمہ خود کاشت کرے، موزوں علاقوں میں کسانوں کو زعفران کاشت کرنے کی طرف راغب کیا جائے،  ضم اضلاع میں جنگلی زیتون کی گرافٹنگ کا پروگرام شروع کیا جائے،جن اضلاع میں پانی کی قلت ہے وہاں پر سبزیاں کاشت کرنے کے لئے چھوٹے مصنوعی ڈیمز تعمیر کئے جائیں۔