چینی باشندوں پر خودکش حملے میں ملوث مجرموں کو جلد پکڑ لیں گے، وزیر اعظم

118

کوہستان:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بشام میں چینی باشندوں پر خودکش حملے میں ملوث مجرموں کو جلد پکڑ لیں گے، بشام حملے کا مقصد پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے۔

چینی سفیر کے ہمراہ  داسو ڈیم کا دورہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے دشمن کو شکست ہوگی، بشام کا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، جب 26 مارچ کو 5 چینی انجینئر اور ایک پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

دہشت گری کا نشانہ بننے والے چینی انجینئروں کی یاد میں 30 سیکنڈ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ وزیراعظم نے چینی باشندوں پر بشام کے مقام پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے تناطر میں داسو ڈیم منصوبے میں کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز سے ملاقات کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کے دشمنوں نے کیا، جو پاکستان اور چین کے درمیان ہر روز بڑھتی دوستی کو نقصان پہنچانے کا ہر موقع ڈھونڈتے ہیں، میں آپ لوگوں کے چہروں پر دکھ اور غم کو دیکھ سکتا ہوں، کہ آپ کے 5 ساتھی اس دنیا سے جا چکے ہیں۔