حکومت نے بجلی پیدا کرنیوالی کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا

137

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک میں بجلی چوری روکنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والی بجلی پیداواری کمپنیوں کو پرائیویٹائز کرنے کے لیے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں اہم جائزہ اجلاس ہوا۔

دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی چوری روکنے کے لیے باقاعدہ مہم سمیت دیگر اہم اقدامات کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔ ملک کی موجودہ معاشی صورت حال بجلی چوری جیسے بڑے بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے افسران جو بجلی چوری یا اس سلسلے میں سہولت کاری میں ملوث ہوں، ان کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کی جائے۔ ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا وقت آ چکا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے لائن لاسز کم کرنے اور ٹرانسمیشن لائنز اپ گریڈ کرنے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی پیدا کرنے والی ایسی کمپنیاں جو سرکاری خزانے پر بوجھ ہیں، انہیں پرائیویٹائز کرنے کا کام فوری شروع کردیا جائے۔