نیپرا نے بجلی مزید 2.75 روپے فی یونٹ مہنگی کردی

157
electricity

اسلام آباد: نیپرا کی جانب سے ملک بھر میں بجلی 2.75 روپے فی یونٹ مزید مہنگی کردی گئی۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

بجلی کی قیمت میں اس اضافے کے نتیجے میں ملک بھر کے صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نیپرا کی جانب سے سماعت کے بعد جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیٹا کا جائزہ لیے جانے کے بعد ڈسکوز کے مالی سال 24-2023 کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے جس کا اطلاق اپریل، مئی اور جون 2024 کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔

فیصلے کے نتیجے میں کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اپریل، مئی اور جون کے بلوں میں 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ زائد ادا کریں گے۔

بجلی کی قیمت میں 2.75 روپے فی یونٹ اضافے کے لیے ڈسکوز کی جانب سے نیپرا کوسہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواست دی تھی جس پر اتھارٹی نے 14 فروری کو عوامی سماعت کی تھی۔