بچے کو ہوم ورک زیادہ دینے پر شکایت، پولیس نے والد کو گرفتار کرلیا

376

واشنگٹن: امریکا میں بیٹے کو اسکول سے زیادہ ہوم ورک ملنے کی شکایت کرنے پر پولیس نے بچے کے والد کو گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروںکے مطابق اوہائیو میں ایک شخص کے بچے کو اسکول کی جانب سے زیادہ ہوم ورک دیا گیا، جس پر بچے کے والد نے اسکول اور پولیس کو مسلسل فون کرکے پریشان کردیا، جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

ایڈم سائز مورجو کے مطابق اس کے بیٹے کو اسکول کی جانب سے زیادہ ہوم ورک دیا جا رہا تھا، جس پر انہوں نے اسکول کے پرنسپل سے ٹیچر کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ بچے کے والد نے صرف یہیں بس نہیں کہ بلکہ اسکول میں بار بار فون کرکے مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دیں اور فون کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جس سے تنگ آکر اسکول والوں نے ان کی کال سننا بھی چھوڑ دی۔

بعد ازاں بچے کے والد نے تنگ کرنے کا سلسلہ اسکول کو چھوڑ کر پولیس پر شروع کردیا، اور ایک گھنٹے میں درجن بھر سے زیادہ کالز کرکے پولیس کو پریشان کردیا، جس کے بعد پولیس نے انہیں رہائش گاہ پر جاکر گرفتار کرلیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بچے کے والد کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں 6 ماہ تک کی جیل اور ہر الزام کے بدلے ایک ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔